سورت الإنفطار 82: 9-12 كَلَّا بَلْ تُكَذِّبُونَ بِٱلدِّينِ ٩ ہرگز نہیں ! بلکہ اصل میں تم جزا و سزا کا انکار کر رہے ہو۔ وَإِنَّ عَلَيْكُمْ لَحَـٰفِظِينَ ١٠ حالانکہ تم پر نگران (فرشتے) مقرر ہیں۔ كِرَامًۭا كَـٰتِبِينَ ١١ جو بڑے باعزت لکھنے والے ہیں۔ يَعْلَمُونَ مَا تَفْعَلُونَ ١٢ وہ جانتے ہیں جو کچھ تم کر رہے ہو۔ — بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد) میں نے کچھ عرصہ پہلے ایک ایپ میں شمولیت اختیار کی ۔ یہ ایک تعلیمی ایپ ہے جو روزانہ کی بنیاد پر قرآن کے الفاظ کے معانی سکھاتی ہے۔ لیکن اس کا اسلوب گیمز کے طرز کا ہے جو آجکل کے بچوں اور نوجوانوں کو خاص طور سے اپیل کرتا ہے۔ اس میں روزانہ کی سٹریک( streak) ہوتی ہے۔ اگر ایک دن بھی سبق مِس کر دیا تو سٹریک سِفر ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف لیڈربورڈز ہیں جہاں سکورز کی بنیاد پر درجہ بندی ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں مختلف چیلنجز ہیں جو کھیل کر پوائنٹس حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔ لیڈربورڈز پر پہلی تین پوزیشن کو ہفتہ وار badges ملتے ہیں اور سٹریک برقرار رکھنے پر اضافی پوائنٹس بھی ملتے ہیں ۔ شروع میں میرا زیادہ دھیان اپنی سٹریک برقرار رکھنے پر تھا یعنی کہ میں ہر روز کا سبق پورا کروں۔ اس سے سیکھنے کے عمل میں تسلسل بھی رہتا ہے اور نئے الفاظ کی دہرائی بھی ۔ جب بھی کبھی ایک دن مِس ہو جاتا تو بڑا دکھ ہوتا کہ اتنے دن کی مسلسل کارکردگی ٹوٹ گئ ۔ پھر ایک دن میرے دل میں خیال آیا کہ کیا معلوم عالم غیب میں بھی کوئی ایسا سسٹم ہو جو ہمارے اعمال کی سٹریک محفوظ کر رہا ہو؟ کیا معلوم میرے نام کے آگے لکھا ہو: • نمازوں کی وقت پہ ادائیگی : حالیہ سٹریک = 2دن .... بہترین سٹریک =6 دن • نماز میں خشوع: حالیہ سٹریک = 0دن .... بہترین سٹریک = 0دن • قرآن کی تلاوت: حالیہ سٹریک =25 دن .... بہترین سٹریک =90دن • صبح و شام کے اذکار : حالیہ سٹریک =12دن .... بہترین سٹریک =20دن • غیبت سے بچنا: حالیہ سٹریک =37 دن .... بہترین سٹریک =37دن • غصے پر قابو : حالیہ سٹریک = 4 دن .... بہترین سٹریک = 16 دن اور کیا معلوم وہاں بھی اسی طرح کے لیڈربورڈز ہوں جن پر ہم سب کے نام درج ہوں اور اپنے اعمال کی بنیاد پر ہمیں پوائنٹس مل رہے ہوں، کبھی کم کبھی زیادہ، کبھی کچھ درجے اوپر، کبھی کچھ درجے نیچے۔ کبھی کوئی ایسی نیکی جس پر ہمیں بڑا فخر ہو کہ اس کے تو پوائنٹس ضرور ملیں گے لیکن اخلاص کی کمی کی وجہ سے سکور مَنفی ہو جائے اور کبھی کسی معمولی سی نیکی پر اصل سے زیادہ بونس مل جائے ۔ ذرا تصور کریں ایک ایسی دنیا کا جہاں ہماری کارکردگی کا لیڈربورڈ آویزاں ہو۔ ہر کوئی لیڈربورڈ پر badges حاصل کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ نیکیاں کر رہا ہو۔ اپنی درجہ بندی بہتر کرنے کیلئے اپنی استطاعت سے بڑھ کر کوشش کر رہا ہو۔ میں اگر خود سے ایمانداری سے سوال کروں کہ کیا ایسی صورتحال میں میں اپنی حالیہ کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوشش کرتی یا نہیں تو یقیناً میرا جواب مثبت ہوگا بلکہ اپنی حالیہ کارکردگی پر مجھے شدید ندامت اور شرمندگی ہو گی۔ پھر یوں ہوا کہ کچھ عرصے میں میں نے ایک بات محسوس کی.... اس درجہ بندی کے چکر میں میری توجہ سیکھنے کے عمل سے ہٹ کر پوائنٹس حاصل کرنے پر مرکوز ہوتی جا رہی تھی۔ یعنی ایپ میں شمولیت کا بنیادی مقصد نظر انداز ہونے لگا اور اس کی جگہ لیڈربورڈز پر اپنا مقام برقرار رکھنے کی جستجو نے لے لی۔ اور یہ محض ایک ایپ کی حد تک محدود نہیں ہے ۔ کیا ہم اکثر اپنی اصل زندگی میں بھی اس کا شکار نہیں ہوتے؟ کوئی نیکی کا کام شروع کرتے ہیں اور کچھ عرصے بعد غیر محسوس انداز میں ہماری توجہ خیر بانٹنے کی بجائے تعریفیں سمیٹنے پر لگ جاتی ہے یا دوسروں پر اپنی شخصیت کا رعب جھاڑنے پر یا پھر اپنی جھوٹی انا کی تسکین پر۔ ہم اپنے اصل مقصد حیات سے ہٹ کر غیر معنوی کاموں میں مشغول ہو جاتے ہیں ۔ جیسے ریل گاڑی پٹری سے اتر کر کسی اور سمت کی طرف چل پڑے، کیا وہ کبھی اپنی منزل پر پہنچ پائے گی؟ منزل پر پہنچنا تو دور کی بات، وہ تو ایک فرلانگ بھی آگے نہ بڑھ پائے گی۔ غرض، اس ساری تحریر کا مقصد، سب سے پہلے اپنے لیے اور پھر باقی سب کیلئے، یہ یاد دہانی ہے کہ ہم اپنے مقصد پر نظریں جما کر رکھیں اور پل پل اپنے نفس کا محاسبہ کریں تاکہ عمل کی ریل گاڑی صحیح سمت کی جانب رواں دواں رہے۔
الهيئة العالمية لتدبر القرآن الكريم
9mo agoAl-Infitar (82:9-12)
* استحضارك الدائم حركةَ أقلام الحفظة الكاتبين، ويقينُك باطِّلاعهم على أقوالك وأعمالك، كفيلٌ باستحيائك من الله ثم منهم.
* التكذيب بالآخرة من أعظم أسباب الكفران، والجرأة على العصيان، فأي شيء يردع المكذِّبَ عن غَيِّه؟
المصدر: هدايات القرآن الكريم
للمزيد حمل تطبيق تدبر:
https://mssg.me/4lx6w
2 Comments
JazakAllahu Khayran sister Maryam! I so needed something like this!