لوگ ہمیں تکلیف دیتے ہیں نا؟ اکثر دے ہی دیتے ہیں۔ کچھ لوگ برداشت کر لیتے ہیں اور آگے بڑھ جاتے ہیں، لیکن کچھ لوگ بہت نازک دل کے ہوتے ہیں۔ وہ ایسا نہیں کر پاتے۔ وہ گھنٹوں بیٹھ کر روتے ہیں۔ کیوں؟
کیونکہ اکثر وہ لوگ دوسروں کو اور خود کو دیکھتے ہیں۔ وہ یہ سوچتے ہیں کہ میں نے اس انسان کے ساتھ کیا کیا، میں نے اس کے لیے یہ سب کیا، لیکن اس نےبدلےمیں کچھ نہیں دیا۔
ہماری سوچ محدود ہوتی ہے۔
یہی سوچ میری بھی آج سے پہلے تک تھی، لیکن آج اللہ پاک نے میری سوچ کو وسیع کر دیا۔
آپ کو پتا ہے کیسے؟
آج میں نے یہ سوچا کہ جب یہ لوگ مجھے تکلیف دیتے ہیں تو میرے پاس ایک موقع آ جاتا ہے کہ میں انہیں معاف کر دوں۔ اور جب میں انہیں معاف کروں گی تو اللہ مجھ سے محبت کرے گا۔ اللہ پاک چاہتے ہیں کہ ہم معاف کرنے والوں میں سے بن جائیں، اور جب میں معاف کروں گی تو اللہ پاک مجھ سے اور زیادہ محبت کرنے لگیں گے، جیسا کہ قرآن میں فرمایا گیا ہے:
الَّذِيۡنَ يُنۡفِقُوۡنَ فِى السَّرَّآءِ وَالضَّرَّآءِ وَالۡكٰظِمِيۡنَ الۡغَيۡظَ وَالۡعَافِيۡنَ عَنِ النَّاسِؕ وَاللّٰهُ يُحِبُّ الۡمُحۡسِنِيۡنَۚ ۞
پھر میری نظر سے ایک اور آیت گزری، اور میری سوچ کا دائرہ مزید وسیع ہو گیا۔ تب مجھے سمجھ آئی کہ لوگوں کو معاف کرنا ایک ایسا موقع بھی ہوتا ہے کہ کہیں اوپر ہماری اپنی سختیوں میں بھی کمی کر دی جاتی ہے، اور ہم سے بھی درگزر کر لیا جاتا ہے۔
وَلَا يَاۡتَلِ اُولُوا الۡـفَضۡلِ مِنۡكُمۡ وَالسَّعَةِ اَنۡ يُّؤۡتُوۡۤا اُولِى الۡقُرۡبٰى وَالۡمَسٰكِيۡنَ وَالۡمُهٰجِرِيۡنَ فِىۡ سَبِيۡلِ اللّٰهِ ۖ وَلۡيَـعۡفُوۡا وَلۡيَـصۡفَحُوۡا ؕ اَلَا تُحِبُّوۡنَ اَنۡ يَّغۡفِرَ اللّٰهُ لَـكُمۡ ؕ وَاللّٰهُ غَفُوۡرٌ رَّحِيۡمٌ ۞
اور بعض اوقات یہ معافی اجر میں اضافے کا ذریعہ بھی بن جاتی ہے۔ وہ دکھ جو لوگ ہمیں دیتے ہیں، اس کے بدلے میں ہمیں بہت کچھ مل سکتا ہے، اگر ہم اس میں معاف کرنے کو شامل کر لیں۔
وَجَزٰٓؤُا سَيِّئَةٍ سَيِّئَةٌ مِّثۡلُهَاۚ فَمَنۡ عَفَا وَاَصۡلَحَ فَاَجۡرُهٗ عَلَى اللّٰهِؕ اِنَّهٗ لَا يُحِبُّ الظّٰلِمِيۡنَ ۞
2 Comments
سبحان اللہ 🌸 آپ کی بات دل کو لگ گئی… اللہ ہمیں بھی توفیق دے کہ ہم معاف کرنے والوں میں شامل ہوں اور بڑا اجر حاصل کریں